معروف دینی درسگاہ جامعۃ الرضا، بارہ کہو )اسلام آباد( کی طرف سے مفسّرِ قرآن، مفکّرِ اسلام، مدبر، استاذ العلماء، محسن ملت علّامہ شیخ محسن علی نجفی طاب ثراہ کی مجلس ترحیم جامعہ کے ساتھ ملحقہ جامع مسجد علی ابن ابی طالب میں منعقد ہوئی۔ اس پروگرام کے آغاز میں محسن ملت کے ایصال ثواب کےلیے قرآنی خوانی کی گئی اور اُس کے بعد نماز ظہرین کا وقفہ ہوا۔ بعد از نماز ظہرین، پروگرام کا دوبارہ آغاز ہوا۔ تلاوت کلام پاک کا شرف حافظ محمد قدیر نے حاصل کیا۔ اس کے بعد جامعہ ھذا کے طالب علم عقیل رضا جعفری نے محسنِ ملّت، شیخ محسن علی نجفی رحمہ اللہ کی سیرت سے اخذ کردہ اپنا منظوم کلام پیش کیا۔ جامعۃ الرضا کے استاد حجۃ الاسلام مولانا محمد اصغر عسکری صاحب نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ محسن ملت جامع شخصیت کے مالک تھے۔ ان کے بعد جامعہ الکوثر کے وفد کی سربراہی اور فقیدِ مرحوم کے خانوادہ کی نمائندگی کرتے ہوئے جناب حجة الاسلام والمسلمین شیخ فدا مطہری صاحب نے خطاب کیا۔ انہوں نےکہا کہ شیخ صاحب نے ایسی گراں قدر خدمات انجام دیں جن کی مثال ہمیں ڈھونڈنے سے نہیں ملتی۔ علامہ شیخ محسن علی نجفی نے ہمیشہ اپنی خوداری کی حفاظت کی اور اپنے شاگردوں کو عزّتِ نفس کا درس دیا۔ آپ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے آپ نے گراں قدر خدمات انجام دیں۔آپ ہمیشہ لوگوں سے یہ کہا کرتے تھے کہ فقط اللہ تعالی کی رضا کے لیے کام کریں اور کام میں کامیابی کی ضمانت خود خدا پر چھوڑ دیں۔ جناب حجة الاسلام والمسلمین شیخ فدا مطہری صاحب کے مطابق محسنِ ملّت کا خلوص، اُن کی شخصِت کا نمایاں پہلو تھا۔ آپ ہمیشہ فرمایا کرتے تھے: ڈرنا نہیں! ان شاء اللہ، اللہ تعالیٰ ہماری مشکلات کو حل کرے گا۔ نشت کے دوسرے خطیب پرنسپل جامعہ الحجت حجۃ الاسلام سیدعلی محمد نقوی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوئی بھی انقلاب فکری انقلاب کے بغیر ممکن نہیں۔ محسن ملت نے اپنی تحقیقات و تالیفات کے ذریعے معاشرے کی فکری ضروریات اور تقاضوں کے عین مطابق اعلیٰ افکار پیش کرکے فکری انقلاب کی راہیں ہموار کیں۔ آپ نے ملت کا شیرازہ بکھرنے نہیں دیا۔ آپ ملت کی ہر مشکل کو فوری درک بھی کرتے تھے اور اسے حل بھی کرتے تھے۔ اللہ تعالی نے آپ کو علم، اولاد صالح اور امت کی خیر و صلاح کےلیے کام کرنے کی فرصت سے نوازا۔ آخر میں اس پروگرام کے میزبان پرنسپل جامعہ محترم حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسنین عباس گردیزی نے علمائے کرام، دانشوروں اور دیگر حاضرین اور جامعہ کے اساتذہ کرام، طلبہ اور انتظامیہ کی جانب سے اس بابرکت پروگرام میں بھرپور شرکت پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے کہا کہ محسن ملت کا وجود ملت و قوم کے لیے مبارک تھا۔ اُن کے فقدان سے ملت کا ایک بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ اللہ تعالی تمام علماء کو اس نقصان کو پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے محسن ملت کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ اس پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا محمد اصغر عسکری نے انجام دیے۔ جامعہ کے اساتذہ اور طلاب نے تمام انتظامات بطور احسن انجام دیے۔ پروگرام کے اختتام پر ظہرانے سے تمام حاضرین کی تواضع کی گئی۔